وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ نے لیویز شہداء کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری بھی دی، جبکہ کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج کی بھی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیل اور نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا کالاش میرج بل 2025 اور ہندو میرج ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔ تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر، ڈبلیو ایس ایس پی حدود میں آر پی سی مین ہول کورز کی تنصیب اور مردان میں قبرستان کے لیے زمین کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید برآں، خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030 کے مسودے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
