سعودی فلم کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ریاض میں واقع ’جیکس فلم اسٹوڈیوز‘ میں جدید ورچوئل پروڈکشن پلیٹ فارم شامل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملکی فلم انڈسٹری کو عالمی معیار تک پہنچانا ہے۔
یہ منصوبہ معروف کمپنی بیکسوموندو اور سونی کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا، جہاں 2720 جدید اسکرینز اور ہالی وڈ طرز کے پروڈکشن آلات نصب کیے جائیں گے۔
فلم کمیشن کے سی ای او عبداللہ القحطانی کے مطابق یہ اقدام سعودی فلم انڈسٹری کے اہداف کے حصول کی جانب اہم قدم ہے۔ جیکس اسٹوڈیوز کا مقام بھی اس لحاظ سے مثالی ہے کہ یہ ایئرپورٹ اور فائیو اسٹار ہوٹلز کے قریب واقع ہے، جو پروڈکشن ٹیموں کے لیے سہولت فراہم کرے گا۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت مملکت کو علاقائی فلم سازی کا مرکز بنانے اور مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
