امریکی شہر ہیوسٹن میں سعودی عرب کی پہلی خاتون قونصل جنرل کی تعیناتی عمل میں آگئی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وفا بنت عبداللہ المرزوقی نے اتوار کے روز سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
اسی تقریب کے دوران عراق کے شہر اربیل کے لیے مقرر کیے گئے نئے سعودی قونصل جنرل ڈاکٹر سلطان بن فرج آل نافل نے بھی ریاض میں وزارت خارجہ کے مرکزی دفتر میں حلف اٹھایا۔ دونوں عہدیداروں نے ریاست، قیادت اور ملکی مفادات کے تحفظ کے ساتھ اپنے فرائض دیانت داری اور اخلاص سے انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ تقرری سعودی عرب میں خواتین کو مختلف شعبوں میں مزید مواقع فراہم کرنے کی پالیسی کا حصہ قرار دی جا رہی ہے۔ سعودی وژن 2030 کے تحت خواتین کی سفارتی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور سعودی خواتین اب سفیر، بین الاقوامی اداروں کی سربراہ اور مختلف غیر ملکی وفود کی رکن کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
