اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان اور شام میں اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں بدستور موجود رہے گی اور انخلا کے لیے فی الحال کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا۔
ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیل اپنی سیکیورٹی ضروریات کے پیشِ نظر سرحدی علاقوں میں فوجی موجودگی برقرار رکھے گا اور ایران سے وابستہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مختلف فریقین کے درمیان مفاہمتی کوششوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ دفاع نے بھی واضح کیا ہے کہ لبنان، شام اور غزہ کے بعض علاقوں میں قائم سیکیورٹی زونز میں فوجی موجودگی برقرار رکھی جائے گی۔
اسرائیلی قیادت کا کہنا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دفاعی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ اس معاملے پر علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بحث بھی جاری ہے۔
