اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں لگنے والی آگ پر ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے قابو پا لیا۔ آگ کے نتیجے میں 80 سے زائد اسٹالز جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ تاجروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے اتوار بازار کے 9 مختلف سیکشنز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد سیکشنز میں آگ پر قابو پایا، جبکہ صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے کے لیے راولپنڈی سے اضافی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی طلب کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بعض دکانوں میں موجود بیٹریوں کے پھٹنے سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انتظامیہ نے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
