ایرانی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں اپنی موجودگی ختم کرے، بصورت دیگر اسے ماضی جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو نتائج اسرائیل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے 2000ء میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ پالیسیوں میں تبدیلی نہ آئی تو تاریخ خود کو دہرا سکتی ہے۔ اسماعیل قانی نے زور دیا کہ اسرائیل کو اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور خطے میں مزید تناؤ سے گریز کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ لبنان ہر سال 25 مئی کو یومِ آزادیٔ جنوب لبنان مناتا ہے، جو 2000ء میں اسرائیلی افواج کے انخلا کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے۔
