صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چینی نئے سال کے موقع پر چین کی قیادت اور عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہر موسم میں ثابت قدم اور فولادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑے کا سال توانائی اور ترقی کی علامت ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو تجارت، جدت اور عوامی روابط میں نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
صدر زرداری نے ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر چین کی اصولی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور ماؤ زے تنگ کی تاریخی ملاقات کو دوطرفہ تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے شی جن پنگ کی قیادت میں چین کے عالمی کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں چین کی قیادت علاقائی استحکام کے لیے مؤثر ہے۔ صدر نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ کا انقلابی منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اس کے اگلے مرحلے میں مشترکہ خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال چین کے ان کے دو دوروں سے تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
