راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشوں کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی، جس کے باعث اطراف میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے نالے کے قریب اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی کے کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی 17 فٹ کی سطح پر موجود ہے۔ دوسری جانب شدید بارش کے باعث پیرودھائی کے علاقے میں بھی پانی داخل ہوگیا، جہاں ایک گھر میں خاندان کے افراد پھنس گئے تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے گھر میں محصور 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو نشیبی علاقوں اور نالہ لئی کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
