بنگلادیش پریمیئر لیگ کے ملتوی ہونے سے متعلق خدشات ختم ہو گئے ہیں اور آج سے میچز دوبارہ کھیلے جائیں گے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رات گئے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد معاملات طے پا گئے۔
بی سی بی نے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جو میچز ملتوی ہوئے تھے وہ آج کھیلے جائیں گے، جبکہ 16 جنوری کے میچز 17 اور 17 جنوری کے میچز 18 جنوری کو منعقد ہوں گے۔ ایلیمینیٹر اور کوالیفائر ون، جو 19 جنوری کو شیڈول تھے، اب 20 جنوری کو ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ نے شائقین کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتوی میچز کے ٹکٹس پر رقم واپس کی جائے گی، جبکہ 16 جنوری کے ٹکٹس پر شائقین نئے شیڈول کے مطابق میچز دیکھ سکیں گے۔
