ذات صلة

جمع

ٹیلر سوئفٹ نے وائٹ ہاؤس کی ویڈیوز سے اپنے مزید گانے ہٹوا دیے

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جاری سوشل میڈیا تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس کی ٹک ٹاک ویڈیوز سے ان کے مزید گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک سرکاری اکاؤنٹ پر ٹیلر سوئفٹ کا گانا ’Bet You Think About Me‘ ایک ایسی ویڈیو میں استعمال کیا گیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حامیوں سے خطاب کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

ویڈیو میں گانے کے بول سے مشابہ کیپشن بھی درج کیا گیا، تاہم چند گھنٹوں بعد گانے کی آواز ویڈیو سے غائب ہوگئی اور اس پر ساؤنڈ دستیاب نہ ہونے کا پیغام ظاہر ہونے لگا۔ رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی وائٹ ہاؤس کی متعدد ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے گانے ہٹائے جاچکے ہیں۔

حال ہی میں ایک اور ویڈیو میں ٹیلر سوئفٹ کا گانا ’August‘ استعمال کیا گیا تھا، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ آتش بازی دیکھتے نظر آئے۔ بعد میں اس ویڈیو سے بھی گانے کی آواز ہٹا دی گئی۔

دوسری جانب ٹرمپ کی ٹک ٹاک ٹیم نے جواباً ٹیلر سوئفٹ کے گانے ’Red‘ کو ایک ویڈیو میں استعمال کیا، جس میں صدر ٹرمپ کو سرخ کیپ پہنے دکھایا گیا اور ایک فرضی البم کور پر ’Red (Donald Trump’s Version)‘ درج تھا۔

ٹیلر سوئفٹ اپنے گانوں اور ریکارڈنگز کے حقوق کی مالک ہیں اور 2025 میں طویل قانونی و کاروباری جدوجہد کے بعد اپنی اصل ماسٹر ریکارڈنگز کی ملکیت بھی دوبارہ حاصل کرچکی ہیں۔