ذات صلة

جمع

یومِ آزادی پر پاکستان کو عالمی رہنماؤں کی مبارکبادیں

پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مختلف دوست ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے پاکستانی قوم اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ امریکا، روس، سعودی عرب، ایران، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات جاری کیے گئے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے یومِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ یومِ آزادی پاکستان اور ایران کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم موقع ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت نے بھی پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔