ذات صلة

جمع

بھارت میں مقتول بابا صدیقی کے بیٹے کو بھی مبینہ قتل کی دھمکیاں

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور مقتول سیاسی رہنما بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد ممبئی پولیس سے رابطہ کرلیا۔ ذیشان صدیقی کے مطابق انہیں حالیہ دنوں میں دو مرتبہ دھمکی آمیز پیغامات اور کالز موصول ہوئیں، جس پر باندرہ ویسٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک دھمکی مبینہ طور پر پرتگال کے نمبر سے بھیجے گئے وائس نوٹ کے ذریعے دی گئی، جس میں ایک شخص نے خود کو گینگسٹر روہت گودارا سے وابستہ قرار دیتے ہوئے ذیشان صدیقی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ بتایا گیا ہے کہ ذیشان کو بیرونِ ملک موجودگی کے دوران یہ پیغام موصول ہوا، جبکہ بھارت واپسی پر انہوں نے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق ذیشان صدیقی کو اس سے قبل بھی مبینہ طور پر دھمکیاں مل چکی ہیں۔ گزشتہ سال انہیں ایک ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی جس میں ان کے والد کی طرح قتل کرنے کی بات کے ساتھ 10 کروڑ بھارتی روپے تاوان کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بابا صدیقی کو 12 اکتوبر 2024 کو ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ایک گینگ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے موجودہ دھمکیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔