ملک بھر میں یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں پرچم کشائی، ریلیوں اور دیگر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن، کوہلو، حب، قلعہ عبداللہ، پشین، گوادر، زیارت، نصیر آباد اور خضدار میں بھی خصوصی پروگرام ہوئے۔ نوکنڈی میں بلوچ نوجوانوں نے ایک طویل قومی پرچم تھام کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
آزاد کشمیر میں بھی یومِ پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات منعقد ہوئیں۔ مظفرآباد میں بچوں نے برار کوٹ پوائنٹ پر ریلی نکالی، جبکہ میرپور کے ڈویژنل ٹیچنگ اسپتال میں کیک کاٹنے کے ساتھ شجرکاری بھی کی گئی۔ نیلم، سماہنی، نکیال اور بھمبر میں بھی قومی دن کی مناسبت سے پروگرامز منعقد کیے گئے۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تاریخی مقامات اور تعلیمی اداروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ سندھ اور پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شہریوں نے ریلیوں اور پرچم کشائی کی تقریبات میں شرکت کرکے قومی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔
