صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 355 پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اعزازات کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جس میں سیاست، فنونِ لطیفہ، کھیل، سرکاری خدمات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو اعزازات دیے جائیں گے۔
فنی شعبے میں ترنم ناز اور نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید، ماریہ واسطی اور زوہیب حسن کو تمغہ حسنِ کارکردگی دیا جائے گا۔ گلوکار شیراز اُپل کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ کھیلوں کے شعبے میں شوٹر کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد بھی تمغہ حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
حکومتی اور سرکاری خدمات کے شعبے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، احد چیمہ، محمد اورنگزیب اور بلال اظہر کیانی کو نشان امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کو ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہداء کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر میں پولیس اہلکار کو شرپسندوں سے بچانے والی زوبیہ خورشید راجہ اور شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو بھی ستارہ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
غیر ملکی شخصیات میں سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان، وزیر دفاع یاسر گولر اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارہ پاکستان دیا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از مرگ نشان قائداعظم سے نوازنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
