ذات صلة

جمع

پیرس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی امور پر اہم مشاورت

پیرس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی امور سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے باہمی تعاون اور عالمی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔ پاکستانی وفد کی قیادت اقوام متحدہ امور کے خصوصی سیکریٹری سفیر نبیل منیر نے کی، جبکہ فرانسیسی وفد کی سربراہی انسانی حقوق اور فرانکو فونی کی ڈائریکٹر ناتھالی بروڈ ہرسٹ نے کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے کثیرالجہتی نظام کو مزید مؤثر بنانے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے امن مشنز، انسدادِ دہشت گردی اور عالمی ادارے میں اصلاحات سمیت مختلف اہم معاملات زیرِ بحث آئے۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔