کراچی کے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ منشیات کی لت اکثر سگریٹ نوشی اور ویپنگ سے شروع ہوتی ہے، اس لیے تعلیمی اداروں میں ان کے استعمال کے خلاف سخت پالیسی نافذ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں سگریٹ، ویپ اور دیگر نشہ آور اشیاء کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ اور اساتذہ میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی، جبکہ نشے کے استعمال میں ملوث طلبہ کی بحالی کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ اپنے کیمپس کو منشیات اور سگریٹ سے پاک قرار دیں، انسدادِ منشیات کمیٹیاں قائم کریں اور والدین سے داخلے کے وقت منشیات کی روک تھام سے متعلق اقرار نامہ حاصل کریں۔
