ایران کے مختلف شہروں میں سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے چہلم کے حوالے سے سوگ اور یادگاری تقریبات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ تہران، قم اور مشہد سمیت کئی شہروں میں خصوصی اجتماعات اور دعائیہ پروگرام منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان تقریبات کی نگرانی موجودہ سپریم لیڈر اور آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کریں گے۔ سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کا سلسلہ 4 جولائی سے شروع ہوا تھا، جن میں ایران کے مختلف شہروں کے علاوہ عراق کے نجف اور کربلا میں بھی سوگ کی تقریبات منعقد کی گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق آخری رسومات میں ایران اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی، جبکہ سعودی عرب، پاکستان، روس، چین اور ترکی سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود بھی شریک ہوئے۔ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
