بیلجیئم کے جنگلات میں بھڑکنے والی شدید آگ نے تقریباً 3 ہزار ہیکٹر رقبہ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور تیزی سے جرمنی کی سرحد کی جانب بڑھ رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ ملک میں ریکارڈ کی جانے والی بدترین جنگلاتی آگ میں شمار کی جا رہی ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کے ساتھ فوجی اہلکار، ہیلی کاپٹر اور مقامی کسان بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ آگ کے پھیلاؤ کے باعث متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ حکام نے انخلا کرنے والے افراد کو فی الحال گھروں کو واپس نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی کی جانب بڑھتی آگ کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ یورپی فاریسٹ فائر انفارمیشن سسٹم کے مطابق یہ بیلجیئم میں ریکارڈ ہونے والی سب سے بڑی جنگلاتی آگ ہے، جو 2011 میں لگنے والی آگ سے دگنی سے بھی زیادہ رقبے پر پھیل چکی ہے۔ شدید گرمی اور خشک سالی کے باعث یورپ میں جنگلات کی آگ کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
