بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی ایک پراسرار بلاگ پوسٹ نے مداحوں کو ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
83 سالہ اداکار نے اپنی حالیہ تحریر میں اسپتال، سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی نگرانی میں علاج کے بعد گھر لوٹنا زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دور انسان کو جسمانی، ذہنی اور عملی طور پر متاثر کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایک لمحے میں انسان خود کو فاتح محسوس کرتا ہے اور اگلے ہی لمحے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم ہر شخص ان حالات سے نمٹنے کا اپنا طریقہ اختیار کرتا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر مداحوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: “خوش رہیں، صحت مند رہیں۔”
اداکار کی اس تحریر کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار شروع کر دیا، تاہم ان کی صحت سے متعلق کسی نئی طبی پیچیدگی کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
