سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے شراب پی کر گاڑی چلانے کے مقدمے میں عدالت کے سامنے جرم قبول کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ وارنر کو اپریل میں سڈنی میں رینڈم ڈرنک ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
بدھ کو ہونے والی سماعت میں ڈیوڈ وارنر کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی، جبکہ ان کے وکیل نے عدالت کو باضابطہ طور پر بتایا کہ وہ جرم تسلیم کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عدالت 18 اگست کو سزا سنائے گی۔ اس جرم کی کم از کم سزا 6 ماہ کے لیے ڈرائیونگ پر پابندی ہے، جبکہ 2200 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ اور 9 ماہ تک قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیاں گزارنے کے لیے سڈنی جانے والے ڈیوڈ وارنر دوستوں کی دعوت سے واپسی پر ڈرنک ڈرائیونگ ٹیسٹ میں مثبت آئے تھے، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔
