اقوامِ متحدہ نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی نئی دھمکیوں اور بحری جہازوں کی آمد و رفت کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2722 سمیت حوثیوں کے بحری جہازوں پر حملوں سے متعلق تمام قراردادوں پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یمن کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے ہانس گرنڈبرگ مذاکرات کے لیے مسقط پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ریاض میں صدارتی کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی، سعودی سفیر محمد آل جابر اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق تمام فریق اس بات پر متفق ہیں کہ کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے تاکہ 2022 کی جنگ بندی کے ثمرات برقرار رہیں اور یمنی قیادت میں ایک جامع سیاسی عمل کے ذریعے تنازع کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔
