پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ طلاق کے بعد ان کے سابق شوہر اقبال انصاری میں نمایاں مثبت تبدیلی آئی ہے اور وہ اب ایک ذمہ دار والد اور نانا کے طور پر اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ شادی کے دوران گھر، بچوں کی پرورش اور اپنے مصروف شوبز کیریئر کی زیادہ تر ذمہ داریاں وہ اکیلے ہی نبھاتی رہیں، جبکہ انہیں سابق شوہر کی جانب سے خاطر خواہ تعاون حاصل نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد صورتحال بدل گئی اور اب ان کے سابق شوہر اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں، ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ان کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور دیکھ بھال میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب ان کے اپنے بچے چھوٹے تھے تو ڈائپر تبدیل کرنے سے لے کر دیگر تمام ذمہ داریاں وہ خود نبھاتی تھیں، لیکن اب ان کے سابق شوہر نواسے نواسیوں کی دیکھ بھال میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
