بالی ووڈ کے سینئر اداکار انو کپور نے شاہ رخ خان کے خود کو فلم انڈسٹری کا “آخری سپر اسٹار” قرار دینے والے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرت ہمیشہ برقرار نہیں رہتی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انو کپور نے شاہ رخ خان کا نام لیے بغیر ان کا موازنہ امیتابھ بچن سے کرتے ہوئے کہا کہ اصل کامیابی طویل عرصے تک اپنی مقبولیت برقرار رکھنے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس اداکار کی بات کی جا رہی ہے، اس کے کیریئر کو تقریباً 34 سال ہو چکے ہیں، جبکہ امیتابھ بچن نصف صدی سے زائد عرصے سے فلمی دنیا میں نمایاں ہیں۔ ان کے بقول، یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا مذکورہ اداکار 2045 میں بھی اسی طرح مقبول اور متعلقہ رہ پائے گا یا نہیں۔
انو کپور کا یہ ردِعمل شاہ رخ خان کے اس بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے اداکار انوپم کھیر کے شو میں کہا تھا کہ “میں عاجزی سے کہتا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں آخری سپر اسٹار ہوں۔”
دوسری جانب شاہ رخ خان اپنی آئندہ فلم “کنگ” کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی ریلیز 24 دسمبر کو متوقع ہے۔
