ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف عالمی کپ کے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سال 357 دن کی عمر میں میسی عالمی کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میچ میں میسی نے تین خوبصورت گول اسکور کیے جس کے بعد ارجنٹینا نے الجزائر کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ پہلا گول طویل فاصلے سے شاندار شاٹ پر، دوسرا ریباؤنڈ پر جبکہ تیسرا انفرادی مہارت کے ذریعے اسکور کیا گیا۔
اس کارکردگی کے ساتھ میسی نے کرسٹیانو رونالڈو کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے دو ہزار اٹھارہ کے عالمی کپ میں اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ میسی کے کیریئر کا دو سوواں بین الاقوامی میچ تھا، جبکہ اس ہیٹ ٹرک کے بعد عالمی کپ میں ان کے مجموعی گولز سولہ ہو گئے، جس سے وہ میروسلاو کلوزے کے برابر آ گئے ہیں۔
