عسیر ریجن میں گورنر شہزادہ ترکی بن طلال نے ’’عسیر سمر سیزن‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد علاقے کو ایک بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید فروغ دینا ہے۔
’’لیو دا سکائی‘‘ کے عنوان سے شروع ہونے والے اس سیزن میں وزارتِ سیاحت اور سعودی سیاحتی اتھارٹی سمیت مختلف ادارے شریک ہیں۔ اس دوران تقریباً 100 مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے لاکھوں سیاحوں کو متوجہ کرنے کی توقع ہے۔
عسیر کے قدرتی مناظر، ٹھنڈا موسم، بلند پہاڑ اور روایتی دیہات اس خطے کو منفرد سیاحتی مقام بناتے ہیں، جہاں مہم جوئی اور ثقافتی تجربات ایک ساتھ دستیاب ہوتے ہیں۔
اس سیزن میں مختلف تاریخی اور تفریحی مقامات کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے، جبکہ ثقافتی میلوں، موسیقی کی تقریبات اور کھیلوں کے ایونٹس بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور علاقائی معیشت کو فروغ ملے گا۔
