پاکستانی اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
فہد شیخ کے مطابق دونوں اداکار پہلے بھی کئی ڈراموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کے درمیان خوش گوار تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعے کا مقصد محمد احمد کی دل آزاری یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔
اداکار نے بتایا کہ وہ تنازع سامنے آنے سے پہلے ہی محمد احمد سے ذاتی طور پر معذرت کر چکے تھے اور اب سرِعام بھی معافی مانگتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو کو مبینہ طور پر گمراہ کن انداز میں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔
دوسری جانب سید محمد احمد نے ساتھی فنکاروں کی جانب سے ملنے والی حمایت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
