بھارتی اداکارہ حنا خان نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان سے اپنی پہلی ملاقات کا دلچسپ واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا۔
حنا خان نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں بتایا کہ ان کی شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات ایک فلائٹ کے دوران ہوئی۔ اس وقت ان کے مقبول ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کو شروع ہوئے تقریباً ڈیڑھ سال ہی ہوا تھا اور وہ انڈسٹری میں نئی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے دیکھا کہ شاہ رخ خان ان کی برابر والی نشست پر بیٹھے سو رہے ہیں۔ حنا خان شاہ رخ کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے بہت پُرجوش تھیں، تاہم وہ کافی دیر تک سوئے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ کافی پینے کے لیے شاہ رخ خان جاگے تو حنا نے انہیں سلام کیا اور تصویر کی درخواست کی۔ شاہ رخ نے جواب دیا کہ انتظار کرو، میں تمہیں تصویر دوں گا۔ کافی پینے کے بعد وہ دوبارہ سو گئے اور حنا ان کے جاگنے کا انتظار کرتی رہیں۔
حنا خان کے مطابق جب طیارہ لینڈ کرنے والا تھا تو انہیں لگا کہ شاید اب تصویر نہیں بن سکے گی، لیکن شاہ رخ خان خود اٹھے، انہیں بلایا اور ان کے ساتھ تصویر بنوائی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ بعد میں وہ دونوں ایک ہی کوچ میں بھی موجود تھے، جہاں شاہ رخ خان آخری نشست پر جا کر دوبارہ سو گئے۔ اس وقت وہ اپنی ایک فلم کی تشہیر میں مصروف تھے اور کئی دنوں سے مناسب نیند نہیں لے پائے تھے۔
حنا خان نے اس ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کا مصروف ہونے کے باوجود خود انہیں بلانا اور تصویر بنوانا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔
