پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے مختلف سرکاری اسکولوں میں بطور استاد طلبہ کو پڑھائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا پرائمری سطح پر انگلش اور ہائی اسکول میں کیمسٹری کی تدریس سے ہوگی، جبکہ بعد میں دیگر مضامین بھی پڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول کا بغیر پیشگی اطلاع دورہ کرکے خود کلاس لیں گے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کا عملی جائزہ لینا، تدریسی خامیوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کا مقام قابلِ احترام ہے اور وہ خود تدریس کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
