سعودی عرب کے جازان ریجن میں واقع فیفا کمشنری کا تاریخی النفیعہ بازار تین صدیوں سے زیادہ عرصے سے اپنی قدیم شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ بازار نہ صرف تجارتی سرگرمیوں بلکہ مقامی ثقافت، روایات اور سماجی میل جول کا بھی اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔
بازار میں مٹی کے برتن، روایتی لالٹین، عربی قہوہ بنانے کے برتن، ہاتھ سے تیار کی گئی ٹوکریاں، مقامی ملبوسات اور خولانی کافی، قدرتی شہد اور دیسی گھی جیسی مقامی مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں۔ اس کی پتھریلی عمارتیں اور روایتی طرزِ تعمیر بھی اپنی اصل حالت میں محفوظ ہیں۔
بازار کے وسط میں موجود سات سو سال سے زائد قدیم درخت بھی اس تاریخی مقام کی نمایاں پہچان ہے۔ مقامی افراد کے مطابق النفیعہ بازار آج بھی تاریخی ورثے کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ قدیم نوادرات اور روایتی دستکاریوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
