پاکستان اور کینیڈا نے مشترکہ اعلامیے میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، صاف توانائی، کان کنی، زراعت، بنیادی ڈھانچے، نئی ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے، فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن معاہدے پر مذاکرات جلد مکمل کرنے اور اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔ کینیڈا نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی، تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
