بالی ووڈ فلم ’کالا ہرن‘ کے حوالے سے تنازع اس وقت بڑھ گیا جب پروڈیوسر امیت جانی نے سینئر اداکار گووند نام دیو کو قانونی نوٹس ارسال کر دیا۔
نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اداکار سات دن کے اندر عوامی معافی مانگیں اور 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب گووند نام دیو نے فلم کے ٹیزر پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ انہیں کہانی اور کردار سے متعلق مکمل معلومات نہیں دی گئیں اور بعد میں فلم کا مواد ان کے ابتدائی معاہدے سے مختلف نکلا۔
دوسری جانب پروڈیوسر کا دعویٰ ہے کہ اداکار منصوبے کا حصہ بننے پر نہ صرف رضامند تھے بلکہ اس کے اگلے حصے میں بھی کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر چکے تھے۔
اسی دوران فلم سے متعلق ایک اور قانونی معاملہ بھی زیرِ بحث ہے، جس میں سلمان خان کی جانب سے مبینہ طور پر دہلی ہائی کورٹ میں فلم کی نمائش روکنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
