روس میں پاکستان کے نو تعینات سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کریملن میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
صدر پیوٹن نے پاکستان کو ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تجارت، تعلیم، زراعت، صحت، صنعت، ریلوے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ ان کی ترجیحات میں توانائی اور تجارت کے فروغ کے ساتھ عوامی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا اور روس میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح شامل ہے۔ واضح رہے کہ انہوں نے اکتوبر 2025 میں ماسکو میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
