کاروان ٹریلز ایسوسی ایشن کے تحت 250 سے زائد سیاحوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی کارواں نے تاریخی ٹریل ’درب زبیدہ‘ کا دو روزہ سفر کیا۔ شرکا نے حائل ریجن کے جال الضبیب سے شروع کرتے ہوئے 22 کلومیٹر طویل راستہ طے کیا اور شامہ کبد و زرود پہنچے۔ یہ سفر پیدل، گھوڑوں اور اونٹوں پر کیا گیا، جبکہ بعض نے پیرگلائیڈنگ کے ذریعے بھی تجربہ حاصل کیا۔
اس پروگرام کا مقصد تاریخی اور ماحولیاتی مقامات کو اجاگر کرنا اور درب زبیدہ کے اہم راستوں کی اہمیت کو عام کرنا تھا۔ شرکا نے کہا کہ یہ سفر نہ صرف ماضی کے قافلوں کے تجربات سے روشناس کراتا ہے بلکہ فطرت سے تعلق، جسمانی سرگرمی اور ثقافتی شعور کو بھی فروغ دیتا ہے۔
