اقوام متحدہ میں چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکیاں فوری طور پر بند کرے۔ چینی مندوب نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ مسلسل دھمکیوں کے باعث مشرق وسطیٰ ایک نئی جنگ کے خطرے سے دوچار ہو رہا ہے۔
چینی نمائندے نے واضح کیا کہ چین کسی بھی ملک کی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور تمام تنازعات کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اس کے عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے، جبکہ عالمی برادری کو مسائل کے حل میں تعاون کرنا چاہیے۔
اسی اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بھی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سہارا کشیدگی میں اضافہ کرے گا، اس لیے سفارتکاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ روسی مندوب نے بھی امریکی مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے اسے ممالک کی خودمختاری اور داخلی امور میں مداخلت قرار دیا۔
