وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس کا قیام ان کا خواب تھا جو اب حقیقت بن چکا ہے اور اس کی کارکردگی مثالی ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کو عوام کی خدمت اور تحفظ کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور سیلاب کے دوران فورس نے بہترین کردار ادا کیا۔
مریم نواز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رشوت سے اجتناب کریں اور عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین کی شمولیت سے اب شہریوں، خاص طور پر خواتین، کو بازاروں میں سہولت ملی ہے۔ انہوں نے محکمہ سی سی ڈی کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب کو ماؤں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین جگہ بنایا جائے گا۔