مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی پہلی بڑی گھڑی 1933 میں شاہ عبدالعزیز کے حکم پر نصب کی گئی تھی، جو کئی دہائیوں تک شہر کی ایک اہم علامت سمجھی جاتی رہی۔
اس منصوبے کے تحت نماز کے اوقات کے درست تعین کے لیے جرمنی سے خصوصی گھڑی منگوائی گئی، جو جدہ بندرگاہ کے ذریعے حجاز پہنچی۔ اس وقت کے وزیر خزانہ کو اس منصوبے کی نگرانی سونپی گئی جبکہ مقامی انتظامیہ نے اس کی تنصیب کا کام انجام دیا۔
تقریباً 30 میٹر بلند ٹاور پر نصب اس گھڑی کے دو رخ تھے تاکہ مسجد الحرام اور قریبی راستوں سے آنے والے افراد بآسانی وقت دیکھ سکیں۔ رات کے وقت روشن ہونے والی یہ گھڑی اپنے وقت میں جدید سہولت تصور کی جاتی تھی۔
بعد ازاں یہ گھڑی مسجد الحرام میں وقت کے تعین کا بنیادی ذریعہ بنی رہی اور اب اسے ایک تاریخی یادگار کے طور پر نمائش مرکز میں محفوظ کر دیا گیا ہے۔
