مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ ہراسانی اور بلیک میلنگ سے تنگ آ کر 16 سالہ لڑکی نے خود کو آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں آریاڑی میں پیش آیا، جہاں لڑکی نے گھر کے قریب زیرِ تعمیر عمارت میں یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ شدید جھلسنے کے بعد اسے تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
متوفیہ کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایک شخص مختلف فون نمبرز سے کالز اور پیغامات کے ذریعے لڑکی کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
