پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں واقع ایل سی سی اے گراؤنڈ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تعمیراتی کمپنیوں کو باقاعدہ اشتہار کے ذریعے منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری رکھی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے لیے جدید رہائشی کمروں، تربیتی سہولیات اور انتظامی بلاکس کو بہتر بنایا جائے گا۔ اسی طرح ایل سی سی اے گراؤنڈ کو بھی عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جسے اوول گراؤنڈ کے طرز پر ڈیزائن کرنے کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔
