لندن کے مورفیلڈز آئی اسپتال میں کی گئی تحقیق میں ایک عام جیل HPMC (ہائیڈروکسی پروپائل میتھائل سیلولوز) کے استعمال سے شدید بینائی کے نقصان والے مریضوں میں حیران کن بہتری دیکھی گئی ہے۔ اس جیل کا استعمال آنکھوں کے اندر دباؤ غیر معمولی کم ہونے سے پیدا ہونے والی بیماری ہائپو ٹونی کے علاج میں کیا گیا، جس سے آنکھ کی ساخت متاثر ہوتی ہے اور شدید بینائی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق 8 میں سے 7 مریضوں کی بینائی بحال ہوئی، جنہیں ہر دو ہفتے بعد ایک سال تک جیل کے انجیکشن دیے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی علاج سلیکون آئل پر مبنی ہوتا ہے، جس کے طویل استعمال سے آنکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لیکن HPMC جیل کے نتائج محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔
اس کامیابی کے بعد مورفیلڈز آئی اسپتال نے اب تک 35 مریضوں کا علاج کیا ہے اور مستقبل میں یہ تھراپی شدید بینائی کے مسائل کے علاج میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
