اہم سیریز سے قبل ہیڈ کوچ طاہر زمان کی عدم دستیابی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مایوس کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور کوچ کو معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہیے تھا، کیونکہ روانگی سے چند گھنٹے قبل صورتحال غیر واضح رہنے سے ٹیم کے حوصلے متاثر ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق طاہر زمان نے کیمپ میں تاخیر سے رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم پی ایچ ایف نے جرمانے کی تجویز دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے سے انکار کیا۔
اختلافات بڑھنے پر طاہر زمان نے ذمہ داریاں چھوڑ دیں، جبکہ محمد عثمان کو بنگلادیش سیریز کے لیے نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر زمان اسپین کے دورے کے لیے بھی دستیاب نہیں، جبکہ پی ایچ ایف نے پرو ہاکی لیگ کے لیے غیر ملکی کوچ لانے کا عندیہ دیا ہے۔
